ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بریلی میں پٹاخہ فیکٹری میں خوفناک دھماکہ: 5 افراد ہلاک، متعدد ملبے تلے دبے، ریسکیو آپریشن جاری

بریلی میں پٹاخہ فیکٹری میں خوفناک دھماکہ: 5 افراد ہلاک، متعدد ملبے تلے دبے، ریسکیو آپریشن جاری

Thu, 03 Oct 2024 10:36:09    S.O. News Service

بریلی ، 3/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی )اتر پردیش میں غیر قانونی پٹاخہ فیکٹریوں میں دھماکوں اور ہلاکتوں کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس بار بریلی ضلع میں ایک غیر قانونی پٹاخہ فیکٹری، جو ایک رہائشی مکان میں چل رہی تھی، شدید دھماکہ کا شکار ہو گئی۔ اس واقعہ میں کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ حادثہ بدھ کی رات پیش آیا، جب دھماکے کی شدت نے فیکٹری سمیت آس پاس کے تقریباً 8 مکانات کو بھی منہدم کر دیا۔ اس افسوسناک واقعے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد لوگ شدید زخمی حالت میں ہیں۔

زوردار دھماکہ کی آواز سن کر علاقہ میں ایک دہشت پھیل گئی اور افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ بعد ازاں آس پاس کے لوگ جائے وقوع پر جمع ہو گئے اور پولیس کو بھی اس معاملے کی اطلاع دی گئی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم بچاؤ کاری کی مہم چلا رہی ہے۔ پولیس و انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

موصولہ اطلاع کے مطابق سرولی تھانہ علاقہ کے کلیان پور گاؤں میں ناجائز طور پر ایک پٹاخہ فیکٹری چل رہی تھی۔ اس پٹاخہ فیکٹری کے آس پاس رہائشی مکانات بھی بنے ہوئے تھے جس میں لوگ مقیم تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی باشندہ رحمن شاہ کے رشتہ دار ناظم اور ناصر سرولی بازار میں پٹاخہ کا کاروبار کرتے ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ رحمن شاہ بھی اپنے گھر میں چھپا کر پٹاخہ بناتے تھے اور ناظم و ناصر کے حوالے کر دیتے تھے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ رحمن شاہ کے گھر میں رکھے پٹاخہ میں ہی تیز دھماکہ ہوا جس نے لوگوں کے ہوش اڑا دیے۔ جب لوگوں نے باہر نکل کر دیکھا تو رحمن شاہ کا گھر پوری طرح سے ملبہ میں تبدیل ہو چکا تھا۔ ساتھ ہی آس پاس کے 8 مکانات بھی اس دھماکہ کی زد میں آ گئے۔ رحمن شاہ کی بہو سمیت پانچ لوگوں کی ملبہ میں دب کر موت ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔


Share: